مسلم نوجوانوں کے موجودہ فکری رجحانات اور ان کے ذہنی و نفسیاتی حالات کا جائزہ لیا جائے تو ایک نہایت اہم بات سامنے آتی ہے، اور وہ یہ کہ آج کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اسلام کو محض چند شرعی احکام کے مجموعہ کی حیثیت سے نہیں دیکھنا چاہتی، بلکہ وہ اسلام کو ایک ایسی مربوط فکر کی شکل میں سمجھنا چاہتی ہے جس میں خدا، انسان، کائنات، علم، اخلاق، معاشرت اور انسانی زندگی کے مختلف شعبوں کے درمیان ایک معقول اور منضبط تعلق قائم ہو۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ نوجوانوں کے سامنے الحاد، مذہب بیزاری، تشکیک اور جدید مغربی افکار سے پیدا ہونے والے متعدد سوالات موجود ہیں، لیکن ان تمام مسائل سے زیادہ بنیادی مسئلہ وہ فکری عدمِ ارتباط ہے جس کا شکار آج کا مسلم نوجوان ہے۔ اس کے پاس اسلام سے متعلق معلومات تو موجود ہیں، لیکن ان معلومات کو ایک مربوط علمی و فکری نظام کی شکل میں سمجھنے کا منہج اس کے پاس موجود نہیں۔
وہ خدا کے وجود پر دلائل سنتا ہے، نبوت کے اثبات پر گفتگو سنتا ہے، قرآن و حدیث کی حجیت پر مباحث دیکھتا ہے، فقہی مسائل کے متعلق فتاویٰ پڑھتا ہے، اخلاقی تربیت کے لیے وعظ و نصیحت سنتا ہے، اور کبھی اسلام کے معاشی و سیاسی نظام کے متعلق بھی گفتگو سے متاثر ہوتا ہے، مگر اس کے سامنے یہ بات واضح نہیں ہو پاتی کہ ان تمام مباحث کا باہمی تعلق کیا ہے؟ ان میں کون سا مسئلہ کس پر موقوف ہے؟ کون سی بات بنیادی ہے اور کون سی اس سے متفرع ہوتی ہے؟ اور ان تمام مباحث کو علمی و عقلی سطح پر مربوط کرنے والے اصول کیا ہیں؟
یہ مسئلہ محض معلومات کی کمی کا نہیں، بلکہ ان معلومات کے درمیان موجود علمیاتی اور استدلالی رشتوں کے عدمِ ادراک کا ہے۔
نوجوانوں کا فکری و نفسیاتی بحران
موجودہ عہد کا نوجوان ایک ایسی تہذیبی اور علمی فضا میں پرورش پا رہا ہے جس میں مختلف بلکہ بعض اوقات متضاد فکری نظام بیک وقت اس کے ذہن پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
جدید تعلیمی اداروں میں وہ کائنات کی میکانکی تعبیرات سے واقف ہوتا ہے، سماجی علوم کے ذریعہ انسان اور معاشرے کی مختلف تشریحات پڑھتا ہے، جدید سیاسی افکار میں آزادی، مساوات، حقوق اور ریاست کے متعلق مخصوص تصورات سے متعارف ہوتا ہے، جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعہ اسے الحاد، مذہبی تجدد اور مختلف مسلکی تعبیرات سے متعلق مواد مسلسل دستیاب رہتا ہے۔
ان تمام فکری رجحانات کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ صرف چند انفرادی مسائل کے متعلق رائے پیش نہیں کرتے، بلکہ انسان، معاشرے اور کائنات کو سمجھنے کے لیے ایک مخصوص زاویۂ نظر بھی فراہم کرتے ہیں۔
اس کے برعکس نوجوان کو اسلام عموماً مختلف اور غیر مربوط علمی و عملی اجزاء کی صورت میں ملتا ہے۔
اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ اپنی مذہبی شناخت اور اپنے علمی و عقلی تصورات کے درمیان ایک نوع کی تقسیم محسوس کرتا ہے۔ مسلمان ہونے کی حیثیت سے وہ اسلام سے وابستہ ہے، لیکن جدید تعلیم کے ذریعہ اس کے ذہن میں جو تصورات اور علمی معیارات پیدا ہوئے ہیں، ان کے ساتھ اسلامی عقائد و احکام کی نسبت اس کے لیے واضح نہیں ہوتی۔
اس صورتِ حال میں بعض نوجوان مذہبی زندگی کو محض جذباتی اور روحانی وابستگی تک محدود کر لیتے ہیں، بعض جدید افکار کی روشنی میں اسلامی تعلیمات کی نئی تعبیر کرنے لگتے ہیں، جبکہ بعض ایسے فکری اضطراب کا شکار ہو جاتے ہیں جس میں ان کے لیے مذہب کی علمی حیثیت ہی ایک سوال بن جاتی ہے۔
یہاں ایک اور نفسیاتی پہلو بھی قابلِ توجہ ہے۔
موجودہ نوجوان صرف یہ جاننا نہیں چاہتا کہ اسلام کسی مسئلے میں کیا حکم دیتا ہے، بلکہ وہ اس حکم کی علمی بنیاد، اس کے عقلی جواز اور اسلامی نظامِ فکر میں اس کے مقام کو بھی سمجھنا چاہتا ہے۔ محض کسی شخصیت یا مذہبی اتھارٹی کے حوالہ سے اس کے ذہنی سوالات ہمیشہ حل نہیں ہوتے۔
اس لیے نہیں کہ وہ لازماً مذہبی اتھارٹی کا منکر ہے، بلکہ اس لیے کہ اس کے ذہن میں علم، دلیل اور صداقت کے متعلق بعض ایسے تصورات پہلے سے موجود ہیں جن کی روشنی میں وہ ہر دعوے کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔
پس نوجوانوں کا موجودہ فکری بحران بنیادی طور پر صرف عقائد و احکام سے متعلق شبہات کا بحران نہیں، بلکہ کسی حد تک خود علم، حقیقت اور استدلال کے متعلق تصورات کا بحران بھی ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا ہماری علمی روایت میں اسلام کو اس نوع کے مربوط فکری نظام کی شکل میں سمجھنے اور پیش کرنے کی کوئی منضبط کوشش موجود رہی ہے؟
میرے خیال میں اس سوال کا جواب ہماری علمی تاریخ کے نہایت اہم مگر موجودہ عہد میں بڑی حد تک نظر انداز کیے گئے علمی سرمائے میں موجود ہے، اور وہ ہے متکلمین و فقہا کا علمی و استدلالی منہج۔
متکلمین و فقہا کی علمی خدمات کو اگر محض عقائد کے دفاع اور شرعی احکام کے استخراج تک محدود کر کے دیکھا جائے تو ان کی علمی کوششوں کی اصل نوعیت پوری طرح سامنے نہیں آتی۔
اصلاً ان حضرات کی علمی کاوشوں کا ایک نہایت اہم پہلو یہ تھا کہ انہوں نے اسلامی فکر کے مختلف اجزاء کو ایسے اصولی اور استدلالی رشتوں کے ساتھ مربوط کیا جن کے ذریعہ انسان علم کی حقیقت سے لے کر وجودِ باری تعالیٰ، نبوت، وحی، اخلاق اور احکامِ شریعت تک ایک منضبط علمی سفر طے کر سکتا ہے۔
مثلاً متکلمین کے یہاں بحث کا آغاز محض وجودِ باری تعالیٰ کے اثبات سے نہیں ہوتا، بلکہ اس سے پہلے علم کی حقیقت، امکانِ علم اور ذرائعِ علم جیسے بنیادی مسائل زیرِ بحث آتے ہیں۔
یہ سوال کہ انسان کسی چیز کو کس بنیاد پر جانتا ہے؟ علم اور ظن میں کیا فرق ہے؟ حواس، عقل اور خبر کی علمی حیثیت کیا ہے؟ اور کسی دعوے کے صدق و کذب کا فیصلہ کن اصول کیا ہوگا؟
یہ تمام مباحث محض فلسفیانہ موشگافیاں نہیں ہیں بلکہ اسلامی عقائد کی علمی بنیادوں سے براہِ راست متعلق ہیں۔
اسی لیے العقائد النسفیہ جیسی مختصر کتاب میں بھی اسبابِ علم کی بحث کو بنیادی حیثیت دی گئی، اور حواسِ سلیمہ، خبرِ صادق اور عقل کو حصولِ علم کے معتبر اسباب میں شمار کیا گیا۔
اس علمیاتی بنیاد کے بعد متکلمین وجود، عدم، حدوث اور قدم، جیسے مباحث کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔ ان مباحث کی روشنی میں کائنات کی حقیقت، اس کے وجود کی نوعیت اور وجودِ باری تعالیٰ کے متعلق مختلف عقلی استدلالات مرتب کیے جاتے ہیں۔
پھر صفاتِ باری تعالیٰ، افعالِ الٰہیہ، نبوت، معجزہ اور وحی جیسے مباحث سامنے آتے ہیں۔
اس پورے علمی تسلسل میں ایک اہم بات یہ ہے کہ ہر مسئلے کی علمی حیثیت اور اس کے اثبات کا منہج متعین کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
جو بات عقل سے ثابت کی جا سکتی ہے، اس کے لیے عقلی استدلال پیش کیا جاتا ہے، اور جن امور کا علم خبرِ صادق پر موقوف ہے، ان کے لیے اس خبر کی صداقت اور حجیت کو بنیاد بنایا جاتا ہے۔
گویا عقل اور نقل کو دو متقابل اور مستقل تہذیبی خیموں میں تقسیم کرنے کے بجائے ان کی علمی حیثیت، دائرۂ کار اور باہمی نسبت کو متعین کرنے کی کوشش کی گئی۔
اس کے بعد فقہا اور اصولیین کا علمی کام سامنے آتا ہے۔
جب نبوت اور وحی کی حجیت ثابت ہو گئی تو اب سوال یہ تھا کہ وحی سے انسانی زندگی کے مختلف معاملات میں احکام کس منہج کے مطابق اخذ کیے جائیں گے؟
نصوص کی دلالت کس طرح متعین ہوگی؟ عام اور خاص، مطلق اور مقید، حقیقت اور مجاز، ظاہر اور مؤول کے درمیان کیا فرق ہوگا؟ مختلف دلائل میں تعارض کی صورت میں ترجیح کے اصول کیا ہوں گے؟ اور وہ مسائل جن کے متعلق براہِ راست کوئی نص موجود نہ ہو، ان میں شرعی حکم تک پہنچنے کا طریقہ کیا ہوگا؟
اصولِ فقہ انہی سوالات کے منضبط جوابات فراہم کرتا ہے۔
بالخصوص احناف کی اصولی روایت میں قیاس، استحسان، عرف اور دلالاتِ نصوص سے متعلق جو مباحث ملتے ہیں، وہ محض شرعی احکام کے استخراج کے طریقے نہیں، بلکہ ان کے پیچھے استدلال، زبان، معنی اور حکم کے باہمی تعلق کا ایک وسیع علمی تصور موجود ہے۔
یہاں استحسان بھی محض شخصی پسند یا آزادانہ رائے کا نام نہیں، بلکہ مخصوص اصولی بنیادوں پر ظاہر قیاس سے عدول کی ایک منضبط صورت ہے۔
اسی طرح مقاصدِ شریعت اور حکمتِ احکام کے مباحث اس پورے نظام میں ایک مزید جہت پیدا کرتے ہیں، جس کے ذریعہ انفرادی احکام اور انسانی و اجتماعی مصالح کے درمیان موجود رشتوں کو سمجھا جاتا ہے۔
احناف، مالکیہ اور شوافع کے اصولیین کی علمی کوششوں کو اسی وسیع تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔
یہاں یہ بات بھی پیشِ نظر رہنی چاہیے کہ متکلمین و فقہا کے مختلف مکاتب کے درمیان متعدد اصولی و فروعی اختلافات موجود تھے۔ لیکن اس اختلاف کے باوجود ان کے یہاں ایک مشترک علمی خصوصیت نمایاں تھی، اور وہ یہ کہ علمی دعووں کو ان کے مناسب دلائل، اصول اور مناہج کے تحت سمجھا جائے، اور کسی جزوی مسئلے کو اس کے بنیادی علمی و استدلالی سیاق سے الگ نہ کیا جائے۔
میرے خیال میں یہی وہ فکری و علمی تسلسل ہے جس کی ضرورت آج کے نوجوانوں کو ہے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب ہماری علمی روایت میں اس نوع کی منضبط اور مربوط فکر موجود ہے تو موجودہ عہد کے مسلمان، بالخصوص جدید تعلیم یافتہ نوجوان، اس سے اس قدر دور کیسے ہو گئے؟
اس سوال کا جواب تلاش کرتے ہوئے ہمیں گزشتہ دو صدیوں کی علمی، تہذیبی اور سیاسی تبدیلیوں کو پیشِ نظر رکھنا ہوگا۔
مغربی استعمار نے مسلم معاشروں کو محض سیاسی اور معاشی اعتبار سے متاثر نہیں کیا، بلکہ اس کے ساتھ علوم کی درجہ بندی، ذرائعِ علم کی حیثیت اور حقیقت کو سمجھنے کے معیارات میں بھی نہایت بنیادی تبدیلیاں واقع ہوئیں۔
جدید مغربی فکر کی مختلف روایتوں، بالخصوص تجربیت، طبیعی مادیت اور بعض اثباتی رجحانات میں علم اور حقیقت کو سمجھنے کے ایسے تصورات نمایاں ہوئے جن میں مابعدالطبیعیاتی مباحث کی علمی حیثیت پر سوالات قائم کیے گئے۔
یہاں جدید مغربی فکر کو ایک ہی نظریے میں محدود کرنا مقصود نہیں، کیونکہ اس کے اندر بھی علمیات اور مابعدالطبیعیات کے متعلق متعدد متضاد رجحانات موجود ہیں۔ لیکن مسلم معاشروں میں جدید تعلیم کے ذریعہ جو تصورات زیادہ مؤثر ہوئے، ان میں تجربی علوم کی غیر معمولی مرکزیت ایک نمایاں خصوصیت تھی۔
اس کے نتیجے میں ایک طرف متکلمین و فقہاء کی بنیاد پر قرآن و سنت سے متعلق علوم کی تدریس کا نظام قائم رہا، جبکہ دوسری طرف جدید تعلیم یافتہ طبقہ ایسے علمی ماحول میں تیار ہونے لگا جس کے بنیادی تصورات، اصطلاحات اور معیارات روایتی اسلامی علوم سے مختلف تھے۔
یہ تقسیم رفتہ رفتہ محض تعلیمی اداروں کی تقسیم نہیں رہی، بلکہ علمی و فکری سطح پر بھی ایک گہری دوری پیدا کرتی چلی گئی۔
جدید تعلیم یافتہ مسلمان کے لیے حدوث، قدم، دلالت عقلیہ و شرعیہ اور قیاس اجتہاد جیسے مباحث محض قدیم علوم و منطق کی اصطلاحات بن کر رہ گئے ھیں، جبکہ ان اصطلاحات کے ذریعہ متکلمین اور اصولیین جن بنیادی مسائل کا جائزہ لیتے تھے، وہ اس کی نظروں سے اوجھل ہوتے چلے گئے۔
دوسری طرف دینی مدارس کے ایک بڑے حصے میں ان علوم کی تدریس باقی تو رہی، لیکن بدلتے ہوئے علمی و تہذیبی ماحول کے ساتھ ان کے فعال تعلق کو ہمیشہ مطلوبہ وسعت نہیں دی جا سکی۔
نتیجہ یہ نکلا کہ ایک طبقے کے پاس جدید سوالات اور جدید علمی اصطلاحات تھیں، مگر وہ اسلامی علمی روایت کے بنیادی منہج سے پوری طرح واقف نہیں تھا، اور دوسرے طبقے کے پاس اس روایت کے متون اور اصطلاحات موجود تھے، مگر جدید دنیا کے پیدا کردہ سوالات سے اس کا عملی و تحقیقی تعلق کئی مواقع پر محدود تھا۔
اس صورتِ حال میں جدید علمِ کلام کا نعرہ اور غلغلہ بلند ہوا جس کا مقبول ہونے کے سارے اسباب پیدا تھے کیوں کہ متکلمین و فقہ کے منہج کے متعلق پروپیگنڈا زور و شور پر تھا اور ان کے میچ کو فرسودہ اور علمی طور پر بے بنیاد سمجھ لیا گیا تھا
اس علمی انقطاع کا ایک اور اہم سبب گزشتہ ڈیڑھ سو برس کے دوران مسلم معاشروں، خصوصاً برصغیر میں پیدا ہونے والی داخلی مسلکی کشمکش بھی ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ مختلف مسالک کے درمیان موجود تمام اختلافات کو غیر اہم یا محض فروعی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ان میں بعض اختلافات عقائد، اصول اور دینی تعبیر کے نہایت اہم مسائل سے متعلق ہیں، جن پر علمی گفتگو اور تحقیق کی اپنی مستقل ضرورت اور اہمیت ہے۔
لیکن مسئلہ اختلافات کے وجود کا نہیں، بلکہ علمی ترجیحات اور اجتماعی توانائیوں کے استعمال کا ہے۔
ہمارے علمی طبقے کی صلاحیتوں کا ایک قابلِ ذکر حصہ مسلکی مناظروں، داخلی رد و قدح، مختلف شخصیات اور جماعتوں کے دفاع اور باہمی اختلافات کی تفصیلات میں صرف ہونے لگا۔
اس صورتِ حال کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ جدید مغرب کے پیدا کردہ بنیادی علمیاتی، فلسفیانہ اور تہذیبی سوالات، جن کا تعلق پوری امت کی فکری زندگی سے تھا، اجتماعی علمی ترجیحات میں وہ مقام حاصل نہیں کر سکے جس کے وہ مستحق تھے۔
یہاں اصل مسئلہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔
جس وقت جدید فکر وجود، امکانِ معرفت، اخلاقی اقدار، مذہبی علم، انسانی آزادی اور اجتماعی زندگی کے بنیادی تصورات پر سوالات قائم کر رہی تھی، اس وقت ہماری ایک بڑی علمی توانائی ایسے داخلی مباحث میں مصروف تھی جن کے نتائج کا دائرہ اکثر مخصوص مسلکی شناختوں تک محدود تھا۔
اس سے ایک دوسرا نقصان بھی پیدا ہوا۔
نوجوانوں کے سامنے روایتی علماء کی ایک ایسی تصویر زیادہ نمایاں ہونے لگی جس میں علمی و فکری تحقیق کے بجائے مسلکی دفاع، مناظرہ، تکفیر اور تضلیل کا پہلو غالب دکھائی دیتا تھا۔
اس تصویر کو پوری علمی منظرنامہ کی نمائندگی سمجھنا یقیناً ناانصافی ہوگی، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اس تاثر کے پیدا ہونے میں ہمارے اپنے علمی و اجتماعی طرزِ عمل کا حصہ رہا ہے۔
رفتہ رفتہ نوجوانوں کی ایک تعداد کے نزدیک متکلمین و فقہا کی علمی روایت ایک ایسی روایت بن کر رہ گئی جس کی دلچسپی انسان کے بنیادی مسائل کے بجائے داخلی مذہبی اختلافات سے زیادہ ہے۔
حالانکہ حقیقت اس کے برعکس تھی۔
جن علوم کو محض مسلکی دفاع کے آلات کی شکل میں پیش کیا جا رہا تھا، ان کی علمی بنیادوں میں وجود، علم، حقیقت، استدلال، اخلاق، قانون اور انسانی زندگی کے بنیادی ترین سوالات موجود تھے جس کی بنیاد پر چند لوگوں نے کوشیشیں بھی کیں لیکن ان کوششوں کے باوجود جدید فکری مسائل سے متعلق ایسا اجتماعی علمی مزاج پوری قوت کے ساتھ پیدا نہیں ہو سکا جو اسلامی فکر کی بنیادی علمیاتی روایت کو نئی نسلوں کے سامنے ایک مربوط صورت میں پیش کر سکتا۔
اس پوری صورتِ حال کا ایک نہایت اہم نتیجہ یہ نکلا کہ جدید تعلیم یافتہ مسلمانوں کے درمیان ایک فکری خلا پیدا ہو گیا۔
ایک طرف ان کے سامنے جدید مغربی افکار اپنے مخصوص علمیاتی، تہذیبی اور اجتماعی تصورات کے ساتھ موجود تھے، جبکہ دوسری طرف اسلامی علمی روایت کی وہ مربوط صورت ان کی دسترس سے بڑی حد تک باہر ہو چکی تھی۔
لیکن انسانی ذہن زیادہ دیر تک فکری بے ربطی کو قبول نہیں کرتا۔
وہ اپنے اعتقادات، تصورات اور اعمال کے درمیان کسی نہ کسی سطح پر ربط پیدا کرنا چاہتا ہے۔ اسی لیے جب بھی کسی مفکر، مصنف یا تحریک نے اسلام کی ایک نسبتاً مربوط اور جامع تعبیر پیش کی تو مسلمانوں، بالخصوص جدید تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ایک طبقے میں اسے غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی۔
گزشتہ ڈیڑھ سو برس کی اسلامی فکری تاریخ میں اس رجحان کی مختلف صورتیں سامنے آئیں۔
سر سید احمد خان نے جدید عقلی اور طبیعی تصورات کی روشنی میں مذہبی نصوص کی نئی تعبیر کرنے کی کوشش کی۔ غلام احمد پرویز نے حدیث اور موروثی فقہی روایت کی حجیت کے متعلق روایتی موقف سے اختلاف کرتے ہوئے قرآن کی بنیاد پر اسلام کا ایک مکمل نظام پیش کرنے کی کوشش کی۔
اسی طرح بعض جدید اسلامی تحریکوں نے اسلام کو سیاسی، معاشی اور اجتماعی زندگی کے لیے ایک ہمہ گیر نظریے کی صورت میں پیش کیا، جبکہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں مختلف مقررین اور مذہبی شخصیات نوجوانوں کے سامنے اسلام کی ایسی جامع تصویریں پیش کرتی ہیں جن میں ان کے مختلف سوالات کے بظاہر مربوط جوابات موجود ہوتے ہیں۔
ان تمام کوششوں کو ایک ہی علمی درجے میں رکھنا یا ان کی تمام تعبیرات کو یکساں قرار دینا درست نہیں ہوگا۔ ان کے مقاصد، طریقۂ استدلال، علمی بنیادوں اور نتائج میں نمایاں اختلافات موجود ہیں۔
بعض نے جدید علمیات کے ساتھ مذہبی فکر کی تطبیق کی کوشش کی، بعض نے مصادرِ شریعت کی نئی تعبیر اختیار کی، بعض نے اسلام کی اجتماعی اور سیاسی جہات کو مرکزی حیثیت دی، اور بعض نے محض عوامی سطح پر مذہبی مسائل کی ایک سادہ اور مربوط تفہیم پیش کی۔
لیکن ان مختلف کوششوں کی مقبولیت میں ایک مشترک عنصر ضرور پایا جاتا ہے، اور وہ ہے اسلام کو ایک مربوط فکر کی شکل میں سمجھنے کی طلب۔
یہ ایک نہایت اہم پہلو ہے جسے متکلمین و فقہاء سے نسبت رکھنے والی قیادت نے پوری طرح موضوعِ تحقیق نہیں بنایا۔
نوجوان کسی تعبیر کی طرف صرف اس لیے مائل نہیں ہوتا کہ وہ نئی ہے، یا اس لیے کہ وہ روایتی علماء سے اختلاف کرتی ہے، بلکہ بہت سے مواقع پر اس کی کشش کا بنیادی سبب یہ ہوتا ہے کہ وہ اسے اسلام کے مختلف اجزاء کے درمیان ایک قابلِ فہم ربط فراہم کرتی ہے۔
لیکن یہاں ایک بنیادی علمی سوال پیدا ہوتا ہے۔
کیا کسی فکر کا مربوط ہونا اس کے صحیح ہونے کے لیے کافی ہے؟
ظاہر ہے کہ نہیں۔
ایک غلط علمیاتی بنیاد پر بھی بظاہر نہایت مربوط فکری نظام قائم کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح کسی مخصوص نظریے کو پہلے سے درست فرض کر کے مختلف نصوص اور دلائل کو اس کے مطابق مرتب کیا جائے تو ایک ایسی فکری تصویر ضرور پیدا ہو سکتی ہے جس کے اجزاء آپس میں مربوط نظر آتے ہوں، لیکن اس ربط کی بنیاد علمی و استدلالی اعتبار سے کمزور ہو جیسا کہ فراہی و غامدی مکتب فکر کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ عالمی طور پر کمزور ہونے کے باوجود ان اذہان کے لیے پرکشش ہے جو چیزوں کو مربوط شکل میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
اسی مقام پر متکلمین و فقہا کے منہج اور بعض جدید اسلامی تعبیرات کے درمیان ایک بنیادی فرق سامنے آتا ہے۔
متکلمین و اصولیین کے یہاں اصل سوال یہ تھا کہ کسی دعوے کی علمی حیثیت کیا ہے، اس کے اثبات کا معتبر ذریعہ کیا ہوگا، اور مختلف دلائل کے درمیان ترجیح کا منضبط اصول کیا ہے؟
اس کے برعکس بعض جدید تعبیرات میں اصل توجہ پہلے سے متعین ایک مجموعی تصور کے تحت مذہبی تعلیمات کو مرتب کرنے پر رہی۔
نتیجہ یہ نکلا کہ بعض مواقع پر جدید سیاسی، سماجی یا فلسفیانہ تصورات کو بنیادی کلیات کی حیثیت حاصل ہو گئی، اور اسلامی نصوص و احکام کی تعبیر انہی کلیات کی روشنی میں کی جانے لگی۔
یہاں ایک نہایت اہم فرق پیدا ہو جاتا ہے۔
ایک صورت یہ ہے کہ اسلامی فکر کے بنیادی علمیاتی و اصولی تصورات کی روشنی میں جدید مسائل کو سمجھا جائے، اور دوسری صورت یہ ہے کہ جدید فکر کے بنیادی تصورات کو معیار بنا کر اسلام کے مختلف اجزاء کو ان کے مطابق مرتب کیا جائے۔
دونوں صورتوں میں بظاہر اسلام ایک مربوط نظام کی شکل میں سامنے آتا ہے، لیکن پہلی صورت میں فکری ارتباط کا منہج اسلامی علمی روایت سے اخذ ہوتا ہے، جبکہ دوسری صورت میں اسلامی تعلیمات کو مربوط کرنے والے بنیادی تصورات کسی دوسرے فکری نظام سے مستعار ہو سکتے ہیں۔
گویا جزئیات اسلامی رہتی ہیں، مگر انہیں ترتیب دینے والے کلیات جدید ہو جاتے ہیں۔
اس مسئلے کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ نوجوان عموماً کسی جامع تعبیر کے داخلی علمیاتی مسائل سے فوری طور پر واقف نہیں ہوتا۔ وہ اس کے ظاہری ارتباط اور مختلف سوالات کے فوری جوابات سے متاثر ہو جاتا ہے۔
لیکن جب یہی تعبیرات زیادہ بنیادی علمی و تحقیقی سوالات کے سامنے آتی ہیں تو بعض اوقات ان کے داخلی تضادات اور استدلالی کمزوریاں ظاہر ہونے لگتی ہیں۔
اس کا نقصان صرف کسی خاص مفکر یا تحریک تک محدود نہیں رہتا، بلکہ بعض نوجوان اس تعبیر کی کمزوری کو خود اسلام کی علمی کمزوری سمجھنے لگتے ہیں۔
یہ دراصل ایک دوسرا فکری بحران پیدا کر دیتا ہے۔
اس تمام بحث کے بعد اصل سوال یہ ہے کہ اس بحران سے نکلنے کا راستہ کیا ہے؟
تو اس مسئلے کا حل نہ تو جدید فکری رجحانات سے مکمل لاتعلقی میں ہے اور نہ ہی اسلام کی ایسی نئی تعبیرات پیدا کرنے میں جو جدید دنیا کے علمی و تہذیبی تصورات کو غیر تنقیدی طور پر قبول کر لیں۔
اصل ضرورت متکلمین و فقہا کے علمی منہج کو اس کی پوری فکری گہرائی کے ساتھ سمجھنے، اس کے بنیادی تصورات کی ازسرِنو توضیح کرنے اور جدید دنیا کے مسائل پر اس کے اصولوں کی روشنی میں تحقیق کرنے کی ہے۔
اس کام کے لیے سب سے پہلے ہماری علمی ترجیحات میں تبدیلی ضروری ہے۔
ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ موجودہ نوجوان کے سوالات محض چند الحادی شبہات یا جدید معاشرتی مسائل تک محدود نہیں ہیں، بلکہ ان کے پیچھے علم، حقیقت، انسان، کائنات اور اخلاق سے متعلق بعض بنیادی مفروضات موجود ہیں۔
جب تک ان مفروضات کا جائزہ نہیں لیا جاتا، اس وقت تک ان سے پیدا ہونے والے جزوی سوالات کے جوابات ایک محدود افادیت سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتے۔
مثلاً نوجوان اگر خدا کے وجود کے متعلق سوال کرتا ہے تو ضروری نہیں کہ اس کا مسئلہ صرف کسی خاص دلیل کے فہم سے متعلق ہو۔ ممکن ہے کہ اس کے ذہن میں علم اور دلیل کا ایسا تصور موجود ہو جس کے تحت وہ کسی مابعدالطبیعیاتی استدلال کو سرے سے معتبر ہی نہ سمجھتا ہو۔
اسی طرح اگر وہ کسی شرعی حکم پر اعتراض کرتا ہے تو یہ جاننا ضروری ہے کہ اس اعتراض کی بنیاد کیا ہے؟ کیا وہ حکم کی حکمت نہیں سمجھ رہا، یا اس کے ذہن میں عدل، آزادی، حق اور اخلاق کے متعلق ایسے تصورات موجود ہیں جن کی روشنی میں وہ اس حکم کا جائزہ لے رہا ہے؟
پہلی صورت میں حکم کی حکمت بیان کرنا مفید ہو سکتا ہے، لیکن دوسری صورت میں خود ان بنیادی اخلاقی و فلسفیانہ تصورات کو موضوعِ بحث بنانا ضروری ہوگا۔
یہی وہ فرق ہے جسے نظر انداز کرنے کی وجہ سے ہماری بہت سی مذہبی گفتگوئیں محض فوری اور جزوی جوابات تک محدود رہ جاتی ہیں۔
اس سلسلے میں مدارس اور دینی تعلیمی اداروں کی ذمہ داری بھی نہایت اہم ہے۔
علمِ کلام، اور اصولِ فقہ کو محض تاریخی وراثتی کتاب سمجھ کر تبرک کے لیے پڑھانے کے بجائے ان علوم کے بنیادی مسائل کو زندہ علمی سوالات سے مربوط کرنا ہوگا۔
مثلاً متکلمین کے نظریۂ علم کو جدید علمیات کے مباحث کے ساتھ، ان کے وجودی اور طبیعیاتی تصورات کو جدید فلسفۂ علوم طبعیہ کے متعلقہ سوالات کے ساتھ، اور اصولِ فقہ کے مباحث کو جدید فلسفۂ قانون، لسانیات اور اخلاقی فلسفے کے ساتھ تقابلی اور تنقیدی انداز میں پڑھایا جا سکتا ہے۔
یہاں مقصود ان علوم کو جدید علوم میں ضم کرنا نہیں، بلکہ ان کے ذریعہ تنقید کی ایسی صورت پیدا کرنا ہے جس میں ہر علمی روایت کے بنیادی مفروضات، مناہج اور نتائج کا آزادانہ اور منضبط جائزہ لیا جا سکے۔
اسی طرح جدید تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے ایسے علمی نصابات تیار کرنا ضروری ہے جو انہیں اسلامی فکر کے بنیادی علمیاتی تسلسل سے واقف کرائیں۔
ان نصابات میں محض عقائد و احکام کی معلومات فراہم کرنا کافی نہیں ہوگا، بلکہ علم کی حقیقت، وجود، الٰہیات، نبوت، وحی، اصولِ استدلال، اصولِ فقہ اور اخلاق و معاشرت کے درمیان موجود علمی روابط کو واضح کرنا ہوگا۔
یہ کام محض چند تقاریر یا مناظروں سے مکمل نہیں ہو سکتا۔ اس کے لیے باقاعدہ نصاب، تدریج، تحقیق، مطالعہ اور علمی تربیت کی ضرورت ہے۔
اس کے ساتھ یہ بات بھی نہایت اہم ہے کہ ہم اسلامی فکر کی پیشکش میں محض دفاعی انداز اختیار نہ کریں۔
علمِ کلام کی ضرورت صرف اس وقت پیدا نہیں ہوتی جب کوئی شخص وجودِ باری تعالیٰ کا انکار کرے، یا کسی اسلامی عقیدے پر اعتراض کیا جائے۔
اس علم کی ایک بنیادی حیثیت خود انسان کے لیے حقیقت، وجود اور علم کو سمجھنے کے منضبط عقلی مباحث سے متعلق بھی ہے۔
اسی طرح اصولِ فقہ کی اہمیت صرف چند متنازعہ فقہی مسائل کے حل تک محدود نہیں، بلکہ وہ نصوص، معانی، دلائل اور احکام کے درمیان موجود استدلالی رشتوں کو سمجھنے کا ایک مستقل علمی منہج ہے۔
جب ان علوم کو ان کی اس بنیادی حیثیت کے ساتھ پیش کیا جائے گا تو نوجوان کے سامنے اسلامی فکر محض اپنے دفاع میں مصروف ایک مذہبی بیانیہ نہیں رہے گی، بلکہ اسے حقیقت اور انسانی زندگی کو سمجھنے کے ایک سنجیدہ علمی منہج کی حیثیت سے بھی دیکھا جا سکے گا۔
اس نقطۂ نظر پر ایک عام اشکال یہ ہے کہ یہ علوم عام لوگوں کو پڑھانے کے نہیں ہیں اور اس کے متعلق بہت سے اکابرین کے اقوال و تنبیہات بھی ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ آج کے سو سال پہلے کے سماجی اور علمی حالات میں یکسر تبدیلی واقع ہوچکی ہے۔ پہلے محلہ میں چند افراد ہوتے تھے جو خواندگی میں لیاقت رکھتے تھے اب آبادی کا ایک بڑا حصہ مغربی تصورات و علمیات سیکھ رہا ہے اور گریجویٹ کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے ، گریجویٹ کو ایک عام ناخواندہ شخص کی طرح سمجھ کر سلوک کرنا اس کے ساتھ نا انصافی ہے، وہ شعوری سطح پر عام ناخواندہ شخص کے آگے ہے اور اس کا شعور یہ تقاضا کرتا ہے کہ وہ باتوں کو فکری اور نظریاتی پہلو سے سمجھے تو ایسے میں ان کے لیے کچھ نہ کچھ اصولی علم کا انتظام نا گزیر ہے۔