مرکزی مواد پر جائیں

تعلیم و تربیت

عاصم افتخار · · فلسفہ و کلام · 5 منٹ کا مطالعہ

آج یہ بات زبان زد عام ہوگئی ہے کہ تعلیم تو مل رہی ہے لیکن تربیت نہیں ہورہی ہے۔ ممکن ہے آپ نے بھی یہ سنا ہو یا کہا ہو۔ اس جملہ کا بنیادی مفہوم ہے کہ لوگوں کو علم سیکھنے کے مواقع بہت ہیں اور لوگ سیکھ رہے ہیں لیکن انسان کو کیسے رہنا چاھئے اس پر وہ عمل نہیں کررہے ہیں۔

گہرائی سے اس جملہ اور اس کے پیچھے موجود مفروضہ کا تجزیہ کی جائے تو بات اتنی آسان نہیں ہے ۔ سیکھنا اور عمل کرنا ایک مختلف چیز ہے لیکن ان کا دایرہ ایک دوسرے سے جدا نہیں بلکہ جڑا ہوا ہے، اس لیے سیکھنے میں عمل کچھ نہ کچھ شامل ہوتا ہے۔ اس مسئلہ کو تفصیل سے سمجھتے ہیں۔

انسان جو چیزیں سیکھتا ہے وہ کئی الگ الگ موضوعات سے متعلق ہوتی ہے اور اس کا مقصد بھی الگ الگ ہوتا ہے۔

سب سے بنیادی علم عقیدہ کے متعلق ہوتا ہے جس میں انسان اپنی حقیقت، خدا کی ذات و صفات ، خدا سے اس کا اور اس کائنات کیا تعلق ہے، زندگی کا کیا مقصد ہے ان سب کا علم حاصل کرتا ہے۔

آج تمام جدید تعلمی ادارہ جو جدیدیت کے عقیدہ پر کھڑے ہیں یا تو یکطرفہ ان سب امور میں جہالت سکھا رہے ہیں یا جہالت کے ساتھ ساتھ درست باتیں بھی سکھا دیتے ہیں تاکہ جہالت کے اثر کو زائل کیا جا سکے۔ پہلی صورت میں تو بچے جہالت ہی سیکھ رہے ہیں اس صورت میں وہ علم کو اپنی زندگی میں کہاں پائیں گے اور دوسری صورت میں وہ علم اور جہل دونوں سیکھ رہے ہیں جس میں جہالت کا تناسب اور دورانیہ دونوں زیادہ ہوتا ہے تو ایسی صورت میں عقیدہ کی سطح پر کشمکش کا شکار ہوجاتے ہیں۔

علم کا دوسری موضوع ہے انسان کو کیا کرنا چاہئے اور کیسے کرنا چاھئے یعنی فقہ کی تعلیم۔ فقہ کی تعلیم بھی ہم نہ کہ برابر حاصل کرتے ہیں ایک اہم بات یہ ہے کہ فقہ (قانون) ہمیشہ عقیدہ پر استوار ہوتی ہے۔

تیسرا موضوع ہے تزکیہ کہ ہمارے باطن کو کیسا ہونا چاھئے، ہمارے کون سے جذبات و احساسات اچھے ہیں اور کون سے برے، یہ بھی عقیدہ و فقہ پر ہی استوار ہوتی ہے یعنی اس میں ایسی کوئی بات نہیں آسکتی جو عقیدہ و فقہ کے مخالف ہو۔

اسی طرح ایک موضوع ہے اخلاق و ادب جو اصل میں تزکیہ کا ہی ایک موضوع ہے اور معاشرت سے بھی جڑی ہے ، یہ آداب و اخلاق گھر والے اور اسکول کے مجالس میں اپنے اپنے طریقہ سے بتلائی جاتی ہے یہاں بھی جو علم حاصل ہوتا ہے وہ عموماً فقہ و تزکیہ پر استوار نہیں ہوتا بلکہ جددیت اور اسلام دونوں کے مخلوط معاشرتی عرف پر ہوتا ہے جو اکثر اوقات تضاد پیدا کرتے ہیں ، کیوں کہ عقیدہ جدیدیت سے متاثر ہے، قانون میں وہ ریاست کا پابند ہے اور ریاست بھی جدیدیت کے ہی اقدار پر استوار ہے ، تزکیہ و تصوف کو لغو اور ناکامی کا سبب سمجھا جاتا ہے اس لیے اسلامی عرف پر مبنی آداب و و اخلاقیات بھی لغو ہی محسوس ہوتے ہیں۔

اسی طرح ایک موضوع ہے معاش۔ یہ وہ اصل موضوع ہے جس کے لیے اسکول کی تعلیم ہے، پری اسکولنگ سے لیکر پی ایچ ڈی تک کی تعلیم اصلا معاش سے جڑی ہے، اور معاش کے لیے جو نظام ہے وہ سرمایہ دارانہ نظام ہے تو معاش کے لیے سیکھے گئے ہنر کو کارآمد بنانے کے لئے سرمایہ دارانہ اخلاق و آداب سیکھنے پڑتے ہیں جو آج ہمارے یہاں لیڈرشپ پروگرام اور سوفٹ اسکل پروگرام کے تحت سکھائے جاتے ہیں جس کی اکثر باتیں اسلامی تزکیہ کے اصول سے ٹکراتے ہیں۔

اس طویل تمہیدی بات کا مقصد یہ واضح کرنا تھا کہ کیا ہم واقعی وہ علم بھی حاصل کررہے ہیں جو ہمیں کرنا چاھئے؟ کیا صرف معاشی سرگرمی سے متعلق امور کو کتابوں میں ایک تحقیقی منہج کے تحت سیکھنے سے یہ ثابت ہوجاتا کہ ہم واقعی علم سیکھ رہے ہیں؟ اور صرف تربیت کا فقدان ہے۔

ہمارے بچے دو متوازی عقیدہ سیکھتے ہیں ، ایک اسلامی اور ایک جدیدیت پر مبنی ، اسلامی عقیدہ کے تحت ہر چیز کا خالق و رب اور موثر خدا کی ذات ہے، اور جدیدیت کے تحت کہ یہ کاینات ایک میکانکی اصول کے تحت چل رہی ہے جس کا یا تو کوئی خالق نہیں ہے اگر ہے بھی تو اس نے چابھی ڈال کر اس کائنات کو چھوڑ دیا ہے اور کاینات خود بخود چل رہی ہے اور خدا دور سے اسے دیکھ رہا ہے جس کا کوئی فعال تعلق نہیں اور جدیدیت کی وجہ سے یہی عقیدہ لاشعور میں مضبوط ہوتا ہے نہ کہ اسلامی عقیدہ کہ خدا کا کاینات سے ایک فعال تعلق ہے اور ہر چیز خدا کی محتاج ہے اور کاینات میں کچھ بھی خدا کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں ہوتا۔

جب عقیدہ جدیدیت سے متاثر ہو تو پھر اسلامی فقہ جو ہر آن عمل کے ذریعہ ایک بندہ کو ایک فعال خالق و مالک معبود سے جوڑنے کا کام کرتی ہے وہ کیوں کر بامعنی محسوس ہوگا۔ جب عقیدہ کمزور ہو اور فقہ بامعنی نہ ہو تو تزکیہ ترقی میں رکاوٹ ہی محسوس ہوگا اور اسلامی اخلاقیات کے بجائے سرمایہ دارانہ اخلاقیات میں کشش محسوس ہوگی۔ خلاصہ یہ کہ تربیت اور عمل ایک دوسرے سے جڑے ہیں تربیت کے لئے عقیدہ و فقہ کو بامعنی بنانا پڑے گا، اخلاقی مجالس اور نصیحتیں کرنے کا اثر اس وقت تک محسوس نہیں ہوگا جب تک ان بنیادوں کو درست نہ کیا جایے جس پر اخلاق و ادب استوار ہوتی ہیں۔

یہ بھی شامل ہے: اساتذہ کے لیے رہنمائی · والدین کے لیے رہنمائی

متعلقہ مضامین